بنگلورو 23دسمبر (ایس او نیوز) برطانیہ میں دکھائی دینے والے نئی ساخت کے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ہرجگہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ ریاست کرناٹکا میں بھی اس کی شروعات ہوگئی ہے۔
آج ریاستی وزیرا علیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے ہنگامی طور پر اعلان کردیا ہے کہ 23دسمبر کی رات سے 2 جنوری 2021تک ریاست بھر میں رات 10بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے یہ احکامات مرکزی حکومت کی طرف سے ملنےوالی ہدایات کے پس منظر میں جاری کیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے رات کے کرفیو کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بیرونی ممالک سے لوٹنے والے تمام مسافروں کوسفر سے 72گھنٹے قبل کیے گئےآر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے کووڈ نگیٹیو رپورٹ پیش کرنا لازمی ہوگا ۔اس کے علاوہ مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق ایئرپورٹ پر بھی مسافروں کا آر ٹی پی آر ٹیسٹ کروانے کے لئے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ریاست بھر میں رات کا کرفیو نافذ کرنےکا مطلب یہ ہے کہ ایک طرف ہوٹل ، ریسٹوراں، دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہیں گے تو دوسری طرف کرسمس اور نئے سال کے جشن سے متعلق کسی بھی قسم کی عوامی تقریبات منعقد کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔